حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا(س) اکیڈمی کراچی کے زیر اہتمام سیلاب متاثرہ علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں کیونکہ اب تک بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں پر راستے بند ہیں یا کٹے ہوئے ہیں اور وہاں پانی موجود ہے جس کے سبب ان کیلئے علاج معالجے کے حوالے سے بہت زیادہ مشکلات ہیں۔
اسی سلسلے میں ایک روزہ موبائل میڈیکل کیمپ گاؤں پیارو خان لاشاری تحصیل ٹھل، جیکب آباد میں قائم کیا گیا جس میں 80 مریض رپورٹ ہوئے اور ان کا معائنہ کیا گیا اور بعدازاں انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر ایک ایک گاؤں میں کیمپ قائم کیا جارہا ہے تاکہ متاثرین کی مشکلات کم ہوں اور انہیں ان کے گھر تک علاج کی سہولیات فراہم کی جاسکے۔
اس طرح کے کیمپس کے قائم کرنے کیلئے رضاکاروں کو دور دراز کا سفر اختیار کرنا پڑتا ہے کہیں شگاف لگے ہوئے ہیں تو کہیں اب تک پانی ہے جہاں سے گذر کر میڈیکل کیمپ کیلئے جانا پڑتا ہے جوکہ دشوار گذار راستے ہیں۔